how to do freelancing in pakistan earn money online
  • Save

  فری لانسنگ  کا چرچا آج کل بڑے زوروں پر ہے اور خصوصاًان دِنوں جب کہ پاکستان میں  حالیہ وبا  اور سیاسی حالات کی بدولت بے روز گاری کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، وہیں فری لانسنگ کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔ اگر آپ سوشل میڈیا خصوصاً فیس بُک اور یوٹیوب  استعمال کرتے ہیں تو یقیناً جانتے ہونگے کہ فری لانسنگ   دراصل اپنے ہنر کو استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی مدد سے پیسے کمانے کا نام ہے۔

آگے بڑھنے سے پہلے میں چاہتا ہو ں کہ آپکی توجہ چند ضروری اعداد و شمار کی جانب  مبذول کروائی جائے۔معروف عالمی کمپنی  ‘پایونیر’ کی 2019 کی رپور ٹ کے مطابق پاکستان فری لانسنگ سے پیسے کمانے والا آٹھواں بڑا ملک ہے جبکہ انڈیا دوسرے اور فلپائن تیسرے نمبرپرہے۔

  • Save
  • Save

ایک اور رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 75٪ فری لانسرز اٹھارہ سے  چونتیس سال کی عمر کے نوجوان ہیں، جبکہ ‘پایونیر ‘ ہی کے ایک سروے کے مطابق  ایک پاکستانی فری لانسر  ہفتے میں اوسطً 34 گھنٹے  کام کرتا ہےجو   لگ بھگ ایک دن کے 5 گھنٹے بنتے ہیں، جبکہ انڈیا کے فری لانسرز اوسطً 37.4 گھنٹے فی ہفتہ اور بنگلہ دیش میں  35.9 گھنٹے فی ہفتہ فری لانسرز کام کر رہے ہیں۔

  • Save
  • Save

اگر آپ کیلئے فری لانسنگ کا لفظ بالکل نیا ہے ، یا آپ  اس سلسلے میں جاننے کی خواہش رکھتے ہیں تو یہ مضمون آپ  ہی کے لیے ہے۔تاہم آگے بڑھنے سے پہلے ہم دیکھیں گے کہ فری لانسنگ ہم کریں ہی کیوں ؟ آخر ایسا کیا خاص ہے اس میں؟

فری لانسنگ کیوں کریں؟

اگر آپ  بے روزگار ہیں اور دور دور تک کوئی کام دھندہ ملنے کے آثار نظر نہیں آرہے تو آپ پارٹ ٹائم یا فل ٹائم فری لانسنگ کی مدد سے پیسے کما سکتے ہیں۔

اگر آپ طالبِ علم ہیں اور   کسی بااعتماد ذریعے سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو فری لانسنگ شروع کر سکتے ہیں۔ بندہ ناچیز خود بھی یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران فری لانسنگ کرتا رہا ہے۔

اگر آپ اپنی موجودہ آمدنی سے غیر مطمئن ہیں تو بھی آپ پارٹ ٹائم فری لانسنگ کرتے ہوئے پیسے کما سکتے ہیں۔ 

مزید آگے بڑھتے ہوئے ہم  مندرجہ ذیل سوالات پر روشنی ڈالیں گے:

1.کون سے ایسے ہنر ہیں جن کی مدد سے آن لائن کام کرتے ہوئے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟

2. کون سی ویب سائٹس ہمیں  اپنے ہنر کے بدلے پیسے کمانے کی سہولت فراہم کرتی ہیں ؟

ہم  اگر کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے بنیادی استعمال سے واقف ہیں تو  فری لانسنگ  کے ذریعے پیسے کمانے. کیلئے کن مہارتوں کوسیکھنا ضروی ہے؟

اپنے پہلے سوال کے جواب کی طرف بڑھتے ہوئے ہم آن لائن مہارتوں کو  ترتیب وار دو حصوں میں تقسیم کریں گے، تکنیکی مہارتیں اور غیر تکنیکی مہارتیں۔

تکنیکی مہارتیں:

تکنیکی مہارتوں سے مراد ایسی  مہارتیں ہیں جن کا براہِ راست تعلق کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی یا انٹرنیٹ سے ہے ۔ مثلاً سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ – جو کہ سافٹ وئیر ز تخلیق کرنے سے متعلق ہے، ویب سائٹ ڈیزائن اینڈ ڈویلپمنٹ – جو کہ ویب سائٹس کو ڈیزائن اور تخلیق کرنے سے متعلق ہے، موبائل ایپس ڈویلپمنٹ – جو  سمارٹ فونز مثلاً اینڈرائیڈ اور آئی فون کی ایپس تخلیق کرنے کے بارے میں ہے، اور مزید اس قسم کی مہارتیں تکنیکی مہارتوں کے زمرے میں آئیں گی۔

اگر آپ کمپیوٹر پروگرامنگ میں مہارت رکھتے ہیں، کوئی سافٹ وئیر تخلیق کر سکتے ہیں، کوئی موبائل ایپ بنا سکتے ہیں، کوئی ویب سائٹ ڈیزائن کر سکتے ہیں یا کمپیوٹر نیٹ ورکس کا علم رکھتے ہیں تو آپ اپنی مہارت کو کام میں لاتے ہوئے ان لوگوں سے پیسے کما سکتے ہیں جنہیں کسی قسم کے سافٹ وئیر، موبائل ایپ یا ویب سائٹ بنوانے کی ضرورت ہے۔

 غیر تکنیکی مہارتیں:

غیر تکنیکی مہارتوں میں  گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ،اینیمیشن، مضامین اور بلاگ لکھنا ، پروف ریڈنگ اور ڈیٹا انٹری  شامل ہیں۔ یہ وہ مہارتیں ہیں جنہیں کوئی بھی ایسا شخص جو  کمپیوٹر کے بنیادی استعمال سے واقفیت رکھتا ہو،  آسانی سے سیکھ سکتا ہے۔

آکسفورڈ انٹرنیٹ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ بعنوان آن لائن لیبر انڈیکس کے مطابق    تکنیکی مہارتوں  کے میدان میں پاکستانی فری لانسرز  کا عالمی شئیر تقریباً3٪ ہے، جسے ذیل میں دیے گئے چارٹ میں   سافٹ وئیر اور ٹیکنالوجی کے عنوان سے جامنی رنگ  کی پٹی میں دِکھایا گیا ہے، جبکہ غیر تکنیکی مہارتوں میں پاکستانی فری لانسرز  کا شئیر 5٪ ہے  جس میں سےبھی  3٪ سروسز صرف اور صرف  ملٹی میڈیا اور گرافک ڈیزائننگ سے متعلق ہیں جبکہ بقیہ 2٪  میں رائٹنگ، پروف ریڈنگ، ڈیٹا انٹری اور دیگر غیر تکنیکی مہارتیں شامل ہیں۔

  • Save
Online Labour Index. Source: Oxford Internet Institute

بیان کئے گئے اعداد و شمار کی روشنی میں ہم آسانی سے یہ سمجھ سکتے ہیں کہ کوئی تکنیکی اور بالخصوص کمپیوٹر سائنس سے متعلقہ مہارت نہ ہونے کے باوجود  بہت سے فری لانسرز گرافکس، ملٹی میڈیا، ڈیزائننگ، ڈیٹا انٹری اور دیگر مہارتوں کی بدولت پیسے کما رہے ہیں  ۔

ذیل میں چند معروف غیر تکنیکی  مہارتیں اور انہیں سیکھنے کیلئے قابلِ اعتماد ویب  لنکس شئیر کئے جا رہے ہیں۔

 1-گرافک ڈیزائننگ:

گرافک ڈیزائننگ  ایک وسیع فیلڈ ہے جس میں  ویڈیو اور امیج ایڈیٹنگ، موشن گرافکس، لوگو  ڈیزائن، پراڈکٹ ڈیزائن اور دیگر  ذیلی مہارتیں شامل ہیں۔

لفظ “گرافکس” دراصل تصاویر، ویڈیوز،  مصوری یا کسی آرٹ کے نمونے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ گرافک ڈیزائننگ  کمپیوٹر یا کسی ڈیجیٹل آلے کو استعمال کرتے ہوئےتصاویر،ویڈیوز یا آرٹ بنانے کا نام ہے۔ آپ نے اکثر گلیوں ، بازاروں  میں مختلف پینا فلیکس  اور دیدہ زیب اشتہارات   لگے ہوئے دیکھے ہونگے ، جی ہاں! یہ سب گرافک ڈیزائننگ کی ہی مثالیں ہیں۔

اگر آپ گرافک ڈیزائننگ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ذیل میں دو بہترین ریسورسزدیے گئے ہیں، جو آپ کو گرافک ڈیزائننگ سیکھنے میں معاون ثابت ہونگے۔

 1.GFX-Mentor: گرافکس، ویڈیو ایڈیٹنگ، لوگو ڈیزائن، بزنس کارڈز اور ہر قسم کی ڈیزائننگ سیکھنے کیلئے ایک بہترین یوٹیوب چینل

2. DigiSkills.pk:منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیرِ نگرانی شروع کیے گئے اس پراجیکٹ سے آپ نہ صرف گرافک ڈیزائننگ ، بلکہ رائٹنگ، اور دیگر کورسز گھر بیٹھے بالکل مفت کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور کورسز میں داخلے کیلئے انکی ویب سائٹ وزٹ کی جا سکتی ہے۔

2-رائٹنگ:

مضامین یا بلاگ لکھنا بلاشبہ ایک نہایت اہم مہارت ہے اور آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کی بدولت ذرائع ابلاغ اور معلومات کی بھرمار ہے، وہاں رائٹنگ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

اگر آپ لکھنا جانتے ہیں،  یا کسی بھی موضوع ،مطالعاتی میدان میں ماہر ہیں تو آپ آسانی سے متعلقہ مضامین لکھ کر پیسے کما سکتے ہیں۔ فرض کریں آپکا پسندیدہ مضمون ‘صحت’ یا میڈیکل ہے ، انٹرنیٹ پر اس موضوع پر ہزاروں ویب سائٹس موجود ہیں ، ان تمام ویب سائٹس کے  مالکان میں سے بیشتر  ،فری لانسرز کو پیسے دے کر مضمون لکھوا لیتے ہیں۔اس سے انہیں اپنی ویب سائٹ کیلئے مواد مل جاتا ہے اور فری لانسر کو پیسے مل جاتے ہیں۔ یہی کام آپ بھی کر سکتے ہیں۔

ہاں زیادہ تر ویب سائٹس کیونکہ انگریزی مواد پر مبنی ہیں ،چنانچہ Digiskills پراس سے متعلق کری ایٹِو رائٹنگ کا کورس آفر کیا جا رہا ہے، جس سے آپ گھر بیٹھے بہترین رائٹر بن کرویب سائٹس کی ضرورت بن سکتے ہیں۔

3-پروف ریڈنگ:

پروف ریڈنگ دراصل کسی ڈاکیومنٹ میں گرائمر، حروف، اور فارمیٹنگ کی غلطیاں تلاش کرنے اور انہیں درست کرنے کے عمل کا نام ہے۔ فری لانسنگ کی دنیا میں پروف ریڈنگ ایک ایسا کام ہے  جسے کوئی بھی معمولی پڑھا لکھا اور زبان کی سمجھ بوجھ رکھنے والا شخص آسانی سے کر سکتا ہے۔

یوں تو ہر زبان میں لکھے گئے ڈاکیومنٹ کو پروف ریڈنگ کی ضرورت پڑتی ہے، لیکن  بطور انٹرنیشنل لینگویج اس فیلڈ کے اندر بھی انگلش کو فوقیت حاصل ہے، چنانچہ اگر آپ کالج لیول کی انگلش تک بھی مہارت رکھتے ہیں تو آسانی سے پروف ریڈنگ کر کے پیسے کما سکتے ہیں۔

پروف ریڈنگ کو کچھ آن لائن سافٹ وئیرز نے بھی کافی حد تک آسان بنا دیا ہے۔ مثلاًGrammerly ایک ایساسافٹ وئیر ہے جو انگلش میں لکھے گئے مضمون میں گرائمر، اسپیلنگ اور دیگر غلطیاں تلاش کرتا ہے اور خود بخودانہیں درست بھی کر دیتا ہے۔   یہ فری میں بھی دستیاب ہے ، لیکن چند پیسوں کے عوض اسکا پیڈ ورژن (Paid version)خرید کر مزید فیچرز سے بھی استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔  

 فری لانسنگ کیلئے ویب سائٹس:

1.Fiverr.com

پاکستانی فری لانسرز میں مقبول ترین ویب سائٹFiverr ٖہے۔ اس کے مقبول ترین ہونے کی ایک خاص وجہ مائیکرو سروسز ہیں جن کی بدولت نئے فری لانسرز آسانی سے اپنے  کیرئیر کا آغاز کر سکتے ہیں۔  مائیکرو سروسز میں ایسی سروسز شامل ہیں جن کیلئے متعلقہ شعبہ میں کسی خاص درجہ کی  مہارت کی ضرورت نہیں پڑتی۔ مثلاً، آپ کسی کو فیس بک پیج بنا کر دے سکتے ہیں، آپ لوگو ڈیزائن کر سکتے ہیں یا فقظ ایک  بزنس کارڈ دیزائن کر سکتے ہیں تو آپ آسانی سے ان کی مدد سے پیسے کما سکتے ہیں۔

یہاں پر چونکہ زیادہ تر مائیکرو سروسز کی خرید و فروخت ہوتی ہے ، جنہیں مکمل کرنے کیلئےزیادہ محنت کی ضرورت نہیں پڑتی چنانچہ  اس لحاظ سے یہاں پر معاوضہ کی شرح بھی باقی فری لانسنگ ویب سائٹس کی نسبت کم ہے۔مزید یہ کہ Fiverrآپ کے کمائے گئے  منافع پر 20٪ کمیشن لیتا ہے جو باقی  فری لانسنگ ویب سائٹس کی نسبت زیادہ ہیں ۔مثلاً اگر آپ نے پانچ ڈالر کمائے ہیں تو محض چار ہی آپ کو ملیں گے کیونکہ 1 ڈالر کمیشن کی مد میں کاٹ لیا جائے گا۔

ان سب کے باوجودFiverr نئے فری لانسرز کیلئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔

2. Freelancer.com

یہ ایک بہترین ویب سائٹ ہے اور یہاں آپ کو آپکے کام کے مطابق اچھا معاوضہ ادا کرنے والے خریدار بھی مل جائیں گے لیکن Freelancer.com پر کامیاب ہونے کیلئے ضروری ہے کہ آپ واقعی اس قدر مہارت رکھتے ہوں کہ خریدار آپ  سے کام کروا کر مطمئن ہو جائے۔ اگر آپ ابھی کوئی مہارت سیکھ رہے ہیں یا آپکا  تجربہ کم ہے تو بہتر ہے کہ آپ Fiverrسے آغاز کریں اور تجربہ حاصل کرنے کے بعدfreelancer.com پر منتقل ہو جائیں، تاکہ اپنے تجربے اور مہارت کی بنیاد پر زیادہ بہتر اور اچھا کما سکیں۔

3. PeopleperHour

یہ تقریباً Fiverr سے ملتی جلتی ویب سائٹ ہے لیکن  یہاں پر معاوضے Fiverrکی نسبت زیادہ ہیں۔ اسکی بڑی وجہ  یہ ہےکہ یہاں آپ  فی گھنٹہ کے حساب سے بھی پیسے کما سکتے ہیں، مثلاً آپ کو ڈیٹا انٹری کا کام ملا تو وہ کام مکمل کرنے میں آپ کو جتنے گھنٹے صرف کرنے پڑے، معاوضہ اس کے مطابق دیا جائے گا۔ لیکن ہو شیار! کو ئی چالاکی دکھانے کی سوچیے گا بھی مت! کیونکہ  فی  گھنٹہ کام والی صورت میں ایک سافٹ وئیر آپ کے کمپیوٹر کی نگرانی کر رہا ہوتا ہے اور اس چیز کا مکمل حساب رکھا جا رہا ہوتا ہے کہ آپ نے کتنے گھنٹے وہ کام کرنے میں صرف کئے۔

4. Guru.com

ویسے تو تقریباً تمام ہی فری لانسنگ  ویب سائٹس کو جائن کرنا بالکل فری ہے،بشمول Guru.comکے، لیکن اس   ویب سائٹ پر فری لانسرز چند پیسوں کے عوض مختلف فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ  پر  آپ مختلف پراجیکٹس پر bidکرتے ہیں، جس کے بدلے میں آپ کو پراجیکٹ ملنے کا چانس ہوتا ہے۔

bid کی مثال بالکل منڈی میں لگنے والی بولی کی طرح ہے۔ ہر پراجیکٹ  پر مختلف فری لانسرز  مختلف قیمتوں کے ساتھ بولی لگاتے ہیں،اور خریدار اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی فری لانسر کو کام دے سکتا ہے۔ کو فری میں جائن کرنے پر آپ ایک ماہ میں 10 بولیاں یعنی 10 bidکر سکتے ہیں۔

پراجیکٹ مکمل ہونے پر آپ کو معاوضہ مل جاتا ہے۔ یہاں پر بھی آپ غیر  تکنیکی  اقسام کے پراجیکٹس حاصل کر سکتے ہیں ، جن کی ہم اوپر بات کر چکے ہیں مثلاً گرافک ڈیزائن، بلاگنگ، پروف ریڈنگ وغیرہ۔

Guru.com کے دیگر فوائد، فیچرز ؛ جو کہ فری لانسرزکیلئے   قیمتاً دستیاب ہیں، مندرجہ ذیل لنک پر ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔

https://www.guru.com/pricing-freelancer/

مزید سیکھیں:

یوٹیوب ، کورس ایرا اور ایسی کئی سائٹس کی بدولت کوئی بھی مہارت حاصل کرنا نہایت آسان ہو گیا ہے۔ اب بھی اگر ہم کچھ نہ سیکھیں تو بڑی ہی بد قسمتی ہو گی۔ذیل میں Digiskills.pk کے فری لانسنگ کے مشہور و معروف ٹرینر حشام سرور کے یوٹیوب چینل کا لنک دیا جا رہا ہے، آپ فری لانسنگ اور آن لائن بزنس کے بیشتر معاملات میں انکے چینل سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

Hisham Sarwar Youtube Channel

learn freelancing with hisham sarwar, freelancing in pakistan, how to start freelancing, how to earn money online,

Latest posts by Muhammad Ateeb Aslam (see all)

اپنا تبصرہ بھیجیں